تحریک انصاف کو اب بھی اپنی غلطی کی اصلاح کر لینی چاہیے۔ اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایک جماعت شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او) کے اجلاس کو ناکام کرنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہے، ریاست پر حملہ آور ایک سیاسی جماعت نے ریڈ لائن کراس کر لی ہے، 15 اکتوبر کا احتجاج منسوخ ہونا چاہیے

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ریاست پر حملہ آور ایک سیاسی جماعت نے ریڈ لائن کراس کر لی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران احتجاج کی کال دینا کہاں کی عقل مندی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال واپس ہونی چاہیے، کئی سال بعد پاکستان اتنے بڑے ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، اگر کسی نے احتجاج کرنا ہے تو وہ ایس سی او اجلاس کے بعد احتجاج کرے، پاکستان تحریک انصاف کو اب بھی اپنی غلطی کی اصلاح کر لینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں مہمان آ رہے ہیں ہم ان کا بھرپور استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ایس سی او اجلاس کے لیے ہماری ساری تیاریاں مکمل ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کو ویلکم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شانداز میزبانی کی روایت احسن طریقے سے نبھائیں گے، جو کہتے تھے پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہو گیا ہے وہ اب کہاں ہیں؟۔شنگھائی سربراہی اجلاس میں تمام رکن ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایس سی او کے کچھ رکن ممالک نے وزیراعظم سے باہمی ملاقات کی اجازت مانگی ہے تاہم بھارتی وفد کی جانب سے ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ہم نے بھی انہیں دو طرفہ ملاقات کی دعوت نہیں دی۔