تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی فون پر بات چیت  ہوئی ہے ۔

اس موقع پر اسد قیصر نے لیاقت بلوچ کے بیان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تحریک انصاف کو عمران خان بانی تحریک انصاف سے ملاقات پر پابندی پر سخت تشویش ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ملاقات کرائی جائے تاکہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے خدشات و خطرات کا صحیح معلوم ہو سکے  ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اصولی موقف ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان اور کسی بھی قیدی ، حوالاتی پر ملاقات کی پابندی عائد نہیں ہونی چاہیے اسی طرح احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد میں 15-16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو پر امن ماحول میں ہونے دیا جائے۔ ہر پارٹی اس موقع پر احتجاج سے اجتناب کرے۔ 17 اکتوبر سے احتجاج کا حق پوری قوت سے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان سے فوری ملاقات کرائی جائے ۔