قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر زور

اسلام آباد(صباح نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیاحت جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وہ جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔قائم مقام صدر نے متحدہ عرب امارات کی معاشی تبدیلی میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کے وژن کو سراہا ۔ انہوں نے مرحوم شیخ طہنون بن محمد النہیان اور مرحوم شیخ حزہ بن سلطان کے افسوسناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ گہرے تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مزید مستحکم ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اپنی کمپنیوں بالخصوص مواصلات، موسمیاتی تبدیلی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات سفر کی سہولت اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔قائم مقام صدر نے سفیر کو 07 اکتوبر 2024 کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بارے میں آگاہ کیا تاکہ ہمارے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی مسلسل اور غیر واضح حمایت کی جا سکے۔پاکستانیوں کے لیے ویزا کی مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی اور عوام سے عوام کے روابط کو فروغ دینے کے لیے ویزا کے عمل کو مزید موثر اور قابل رسائی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔۔