شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا پاکستان میں 5 ہزار اسکول تعمیر کرنے کا اعلان، کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد(صباح نیوز)کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں 5 ہزار نئے اسکول تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے کے ایس ریلیف نے مختلف تنظیموں کے ساتھ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیے ہیں۔اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور بین الاقوامی اور مقامی انسانی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی حکومت و عوام کی طرف سے سلطنت سعودی عرب کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ اچھے برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا، آج دستخط کیے گئے منصوبے دونوں ملکوں کے بھائی چارے اور قربت کا اظہار ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہیں۔اسحق ڈار نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال کا سامنا تھا، سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی، سال 2005 میں پاکستان میں زلزلہ آیا تو اس وقت بھی سعودی عرب نے محبت اور کشادہ دلی سے ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام اور سعودی عرب جیسے دوست ممالک کی مدد سے دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑا ہوگیا ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں سعودی حکومت کی مسلسل مدد اور برادرانہ تعلقات پر شکر گزار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کیدرمیان ایک منفرد رشتہ ہے جس کا کوئی متوازی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشکل گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہوئے، کنگ سلمان ریلیف سینٹرمنصوبے پاکستان کے عوام کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوموسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، سعودی عرب نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے1000ہاوسنگ یونٹس کاوعدہ کیا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان بھرمیں300فیڈراسکول بنائے جائیں گے، 2022کے بعد سعودی عرب نے ہماری بھرپور مدد کی،

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان ترقی، امن اور آگے بڑھنے کے مشترکہ تصور کے حامل ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ کل سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی ایک وفد پاکستان آئے گا۔ سعودی وفد دو ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری پر بات کرے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ آج شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کے درمیان تعلیم، صحت اور بحالی کے منصوبوں کے لیے مشترکہ تعاون کے پروگراموں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کر کے بہت خوشی ہوئی۔انہوں نے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، پاکستانی حکومت، انجینئر احمد علی البائز اور شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ہے، یہ سنٹر برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لیے عظیم خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مملکت سعودی عرب کی حکومت کے پختہ عزم کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ہمارے برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔کے ایس ریلیف سینیٹر کے اسسٹنٹ ریلیف سپروائزر جنرل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایس ریلیف سینٹر کے دنیا بھر میں 368 منصوبے ہیں جن سے ضرورت مند مستفید ہو رہے ہیں، پاکستان میں صحت اور تعلیم کے مختلف منصوبے شروع کر رہے ہیں جن پر 14 ملین ڈالرز خرچ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے علاقوں میں 4 اسکول بنائیں گے اور اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 5 ہزار اسکولز تعمیر کیے جائیں گے، ہر سال 300 اسکول بنا کر دیے جائیں گے، اب تک 12 ارب ڈالرز کی خطیر رقم سے 247 منصوبے مکمل کیے ہیں۔