آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والی سی او پی 29 کانفرنس میں پاکستان بھر پور انداز میں شرکت کرے گا،سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرحادیو نے چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ثقافتی اور مذہبی اقدار سے جڑے ہوئے ہیں  پارلیمانی ، سفارتی اور معاشی تعلقات کا فروغ دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔  دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی ہر اہم فورم پر بھرپور حمایت کی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آذربائیجان کے شہر باکو میں ہونے والی سی او پی 29 کانفرنس میں پاکستان بھر پور انداز میں شرکت کرے گا۔ ہماری دو طرفہ تجارت میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے۔ تاہم دو طرفہ تجارت کا حجم اب بھی اپنی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی تجارت کو  مزید فروغ دینے کی  اشد ضرورت ہے ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کاراباخ کے مسئلے پر اذربائجان کے نقطہ نظر کی حمایت کرتا ہے اور مسلہ کشمیر پر آذربائجان کی جانب سے پاکستانی نقطہ نظر کی حمایت پر آذربائجان کے شکر گزار ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور باکو کے درمیان ہفتہ وار 6 پروازیں چل رہی ہیں جو خوشی کی بات ہے۔باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے،  یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ تمام علاقائی اور عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او میں ہمارا دوطرفہ تعاون مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اعلی سطح پر پارلیمانی وفود کے تبادلوں  میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے عوامی سطح پر روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صدر الہام علییف کی قیادت میں آذربائیجان نے نمایاں ترقی کی ہے۔ پاکستان آذربائیجان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے اقدامات کو سراہتا ہے۔ آذربائجان کے سفیر نے ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے کہا کہ  آذربائیجان اور پاکستان کے مابین بہترین تعلقات قائم ہیں۔آذربائجان پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتا ہے اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا۔