استصواب مکمل ہونے پر جماعت اسلامی کے صوبائی امراء کا اعلان

 لاہو ر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ارکان جماعت کی آراء اور مشاورت کی روشنی میں صوبائی امرا کا تقرر کیا ہے۔جماعت اسلامی کے دستور کے مطابق صوبائی امرا کی مدت تین سال ہو گی۔ صوبائی امرا کی یکم نومبر 2024 سے 31 اکتوبر 2027 تک تقریری کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد جاوید قصوری کو جماعت اسلامی وسطی پنجاب، راؤ ظفر اقبال کو جماعت اسلامی جنوبی پنجاب اور ڈاکٹر طارق سلیم کو جماعت اسلامی پنجاب شمالی کا امیر مقرر کیا گیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو صوبہ بلوچستان، پروفیسر محمد ابراہیم کو صوبہ خیبرپختونخوا جب کہ کاشف سعید شیخ صوبہ سندھ کا امیر مقرر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جماعت اسلامی کے اراکین دستور جماعت کے مطابق ہر سطح کی قیادت کاانتخاب کرتے ہیں۔ انتخابات میں 46 ہزار سے زائد اراکین جماعت اسلامی نے اپنی رائے کا حق استعمال کیا ، جن میں کم وبیش سات ہزار خواتین ارکان کو ووٹ کا حق حاصل تھا۔