چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا نیشنل سکلز یونیورسٹی کا دورہ

اسلام آباد(صباح نیوز)  چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے نیشنل سکلز یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہیں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مختار  نے فیکلٹی ممبران کے کمراہ خوش آمدید کہا اور یونیورسٹی کے جانب سے فراہم کئے جانے والے متعدد شارٹ کورسز پر تفصیلی بریفنگ دی۔  سینیٹر روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نیشنل سکلز یونیورسٹی کے مابین مستحق خواتین اور انکے گھرانوں کے افراد کیلئے  بین الاقوامی معیار کے مطابق سکلز  ٹریننگ کے تعاون پر زور دیا تاکہ انہیں عالمی مارکیٹ کے رججان کے مطابق روزگار کے بہتر مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی کو جرمن حکومت کے باہمی اشتراک سے سکلز ٹریننگ کے حوالیسے سرٹیفکیشنز کے معیار کو بہتر بتانے کی بھی تجویز پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں  ہنر مند  افرادی قوت کی  بہت مانگ ہے اس لئے مستحق افرا د کو  سماجی و معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں فراہم کی جانے والی سکلز کے سرٹیفکیشن  مستند اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں تاکہ باآسانی ملازمت مل سکے ، انکی آمدنی میں اضافہ ہو اور یہ غربت کے دائرے سے باہر نکل جائیں ۔ اس طرح نہ صرف یہ معاشی طور پر مضبوط ہوں بلکہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے  میں بھی اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔  سینیٹر  روبینہ خالد نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ٹریننگ کورسز میں  ہسپٹالٹی مینجمنٹ، ہوم کیئرز، پیرامیڈکس، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکٹنگ  کے ڈپلومہ شامل کرنے کی بھی تجویز پیش کی جس میں ٹریننگ حاصل کرنے والوں کو کام  کرنے کے بنیادی طریقہ کار، صفائی ستھرائی اور ایمانداری کے اصولوں  کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں، سینیٹر روبینہ خالد نے یونیورسٹی کی آئی ٹی  ، انجنیئرنگ لیبز اور دیگر کلاس رومز  کا دورہ بھی کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے یونیورسٹی لان میں پودا بھی لگایا اور ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے دعا کی۔ یونیورسٹی کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آپ ملک کا روشن مستقبل ہیں، ہمیشہ  اپنے بزرگوں کی عزت کریں۔ وہ معاشرے کبھی ترقی نہیں کرتا جہاں بزرگوں کا عزت و احترام نہ ہو۔ تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹھوس دلائل سے اپنا موقف بیان کریں۔ محنت اور لگن سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں بس انہیں صحیح سمت کی ضرورت ہے۔۔