سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف

لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں  بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ترجمان  وزیراعظم  ہاؤس  کے مطابق اسلام آباد کی امن و امان کی  صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اسلام آباد پولیس کی ستائش کی ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا، پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعظمنے کہا کہ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائیں،قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی،شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ  شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے، اسلام آباد کی شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا ، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی ،سیکیورٹی کے بہترین اور اعلی معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے ۔ وزیرداخلہ نے بتایا کہ  اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں ، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے ۔

وزیر داخلہ نے  وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی جلدوطن واپس پہنچیں گے ۔ وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے ۔ وزیراعظم نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔