پی ٹی آئی کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دم توڑ گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوںکے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث پولیس اور تحریک انصاف کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے درمیان اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل  عبدالحمید شاہ زخمی ہوگیا تھا، جو کہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس اہلکار حمید کو پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق  عبدالحمید 26 نمبر چونگی پر لا اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر تعینات تھے، عبدالحمید انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے، شہید عبدالحمید ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ  جاں بحق ہونیوالے عبدالحمید نے 3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کر کے ریٹائر ہونا تھا۔