اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، ملائیشیا کو چاول ، آم اور حلال گوشت کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے ملائیشین ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔وفاقی وزیر تجارت نے ملائیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری وتجارت ٹینگو عبدالعزیز سے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور پاکستان سے ملائیشیا کو برآمد کی جانے والی مصنوعات اور تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں وزیر تجارت جام کمال نے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے پر غور کیا گیا ۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے تقریبا تمام شعبوں میں ترقی کے امکانات موجود ہیں اور ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کو ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنا چائیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں اعلی معیار کے چاول اور آم برآمد کر رہا ہے اور ملائیشیا میں پاکستانی آموں، حلال گوشت اور چاول کی بہت مانگ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا چاول کی درآمد کے لیے پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کر ے، حکومت پاکستان نے چاول کی کم از کم برآمدی قیمت (ایم ای پی) کو ہٹا دیا ہے جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مسابقتی قیمتوں پر بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے پاکستانی گوشت اور جیلیٹن برآمد کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایکریڈیٹیشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں تعاون سے تجارتی بہا میں بہت اضافہ ہو سکتا ہے۔وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ملائیشیا کے لیے گوشت کی برآمد میں درپیش مشکلات کو حل اور طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے اس سے تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا ۔ مزید برآں ملائیشیا کے وزیر تجارت نے پاکستان کو آسیان کی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت دی کیونکہ ملائیشیا آسیان کی سربراہی سنبھال رہا ہے۔