میکسیکو،فوجیوں کی گاڑیوں پر فائرنگ ،6تارکین وطن ہلاک ،10زخمی


میکسیکوسٹی (صباح نیوز)میکسیکو میں فوجیوں نے ایک ہائی وے پر مشتبہ گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 6 تارکین وطن ہلاک اور10زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کی وزارت دفاع نے کہا کہ گشت پر موجود اہلکاروں کو مصر، نیپال، کیوبا، بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 33 تارکین وطن کا پتہ چلا تاہم جنوبی چیاپاس ریاست میں پیش آئے واقعہ کے حوالے یہ نہیں بتایا کہ جن لوگوں کی موت ہوگئی، ان کا تعلق کس ملک سے تھا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کلاڈیا شین بام نے میکسیکو کی نئی صدر کے طور پر انسانی حقوق کا احترام کرنے اور سکیورٹی فورسز کے جبر سے بچا ئوکے عزم کے ساتھ عہدہ سنبھالا ہے۔

وزارت دفاع کے بیان کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 اہلکاروں کو تحقیقات تک ان کے عہدے سے معطل کردیا گیا۔بیان کے مطابق گشت پر موجود اہلکاروں نے ایک تیز رفتار ٹرک کو دیکھا، جو بظاہر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، فوجی اہلکاروں نے گولیوں کی آوازیں سنیں، جس کے بعد دو فوجیوں نے اپنے ہتھیار نکال کر ٹرکوں کو روکا۔اس میں مزید کہا گیا کہ چار تارکین وطن کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 12 زخمیوں میں سے 2 نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، مزید کہا گیا کہ 17 تارکین وطن محفوظ ہیں جن کو امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ۔پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے ایک ٹرک کا تعاقب کیا، جب وہ اسے روکنے میں ناکام رہے تو گولیاں چلائیں۔