اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مشترکہ منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، ہم دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیا۔پاکستان اعلی سطحی بزنس ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کے دوران ہم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کو مثبت قرار دیا اور اس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کو پاکستانی تاجروں اور ملائیشیا کے تاجروں کو مشترکہ منصوبوں کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک حلال گوشت، آئی ٹی، ای وی، سیمی کنڈکٹر سمیت دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں،اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس موقع سے کس طرح فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہم اعلی معیار کی مصنوعات کا تبادلہ کر سکتے ہیں، ملائیشیا کو اعلی قسم کا حلال گوشت جلد برآمد کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں ہنرمند افراد کیلئے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کی دعوت پر ملائیشیا کا دورہ کروں گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی اور دوطرفہ معاہدوں پر عملدرآمد میں تیزی لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا دنیا کے دیگر ممالک کیلئے رول ماڈل ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ اس بزنس ڈائیلاگ کے انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بزنس لیڈرز کا شکرگزار ہوں، پاکستان اور ملائیشیا کے وفود کے درمیان ملاقات کے دوران باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف مواقع اور منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں نسٹ میں بہترین ریسرچ کی جاتی ہے، ہم پاکستان کے سائنس اور ریسرچ کے شعبہ میں تجربات سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، وہ اور وزیراعظم شہباز شریف دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، ہم گوشت، چاول پاکستان سے درآمد کر سکتے ہیں، آسیان فورم کے تحت معاشی روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے بزنس کمیونٹی میں روابط اہمیت کے حامل ہیں