اب حزب اللہ اسرائیل کے زمینی حملے کے لیے تیار ہے

بیروت(صباح نیوز)  حزب اللہ کے نئے سربراہ  نعیم قاسم نے کہا ہے کہ  اب حزب اللہ اسرائیل کے زمینی حملے کے لیے تیار ہے اور ہم اسرائیل کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔عرب نیوز کے مطابق حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کا خطاب پیر کو ٹیلی وژن پر نشر ہوا جس میں انہوں نے لبنانی عوام کو یقین دلایا کہ فتح ہماری ہی ہو گی لیکن ہمیں کچھ صبر سے کام لینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم کے داخلی نظم کے مطابق سکریٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہماری (عسکری) صلاحیتوں کو متاثر نہیں کر سکتا۔ اب ڈپٹی کمانڈر کام کر رہے ہیں۔ اگر کوئی کمانڈر زخمی ہوتا ہے تو اس کی جگہ نیا کمانڈر تعینات کر دیا جاتا ہے۔نعیم قاسم نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل زمین پر جارحیت کا آغاز کرے گا تو حزب اللہ کے  مجاہد  لڑائی اور لبنان کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔