غزہ کی پٹی میں 360 روز میں 41,595 فلسطینی شہید

غزہ(صباح نیوز)غزہ کی پٹی میں 360 روز سے جاری نسلی کشی مہم میں اب تک 41,595  فلسطینی  شہید اور 96,000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین  کے مطابق قابض اسرائیلی  فوج نے صبح سے غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں جن میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ قابض طیاروں اور توپ خانوں نے سوموار کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اپنے چھاپوں اور پرتشدد بمباری کا سلسلہ جاری رکھا، گھروں، بے گھر افراد کے اجتماعات اور سڑکوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں شہید اور زخمی ہوئے۔فلسطینیوں کی منظم نسل کشی ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب غزہ کی پٹی کی 95 فی صد آبادی بے گھر ہے۔قابض فوج نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے کے جنوب میں شدید فائرنگ کی۔قابض فوج نے توپ خانے سے وسطی غزہ کی پٹی میں بریج مہاجر کیمپ کے شمال میں بمباری کی۔

شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیہ کے مغرب میں واقع سلطان محلے میں بے گھر ہونے والیلوگوں پر مشتمل ابو جعفر اسکول پر قابض فوج کی بمباری میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔پیر کی صبح قابض صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح میں گھر پر اسرائیلی بمباری میں بین الاقوامی میڈیا کے شعبے کی ممتاز صحافی اور کارکن وفا العدینی کو شہید کر دیا۔ صحافیہ وفا علی عبد ربہ العدینی، ان کے شوہر منیر عطیہ درویش العدینی اور ان کے دو بچے تمیم اور بلسم اس وقت شہید ہوئے جب قابض فوج نے دیر البلح میں ان کے گھر پر بمباری کی۔فلسطینی میڈیا فورم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض فوج نے فلسطینی بیانیہ کو غیر ملکی میڈیا تک پہنچانے کے شعبے میں سرگرم صحافی وفا العدینی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ وہ اور ان کے اہل خانہ (اس کے شوہر اور دو بچے) اس وقت گھر پر تھے جو شہید ہوگئے۔