سکھر(صبا ح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ نبی کریمۖ نے برسوں سے رائج ظلم و جبر کے نظام کو ختم کرکے اسلامی نظام عدل کو رائج کرنے کے لئے تئیس سال جدوجہد کی اور منصفانہ نظام قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام کے بتائے ہوئے معاشی و سیاسی نظام قائم کرکے مثالی معاشرے کا قیام ممکن بنایا۔اور اپنی دعوت اور ہجرت سے واضح کردیا کہ اقتدار اللہ کا ہے اوراس کے صالح بندے ہی اقتدار کے حق دار ہیں.
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب نے سکھر اور ٹنڈو جام میں سیرت النبی کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کاحق اللہ تبارک تعالی نے انسانوں کونہیں دیا بلکہ اپنے ہاتھ میں رکھا۔ یہ سیاست نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی بنیاد تھی اور قرآن کی شکل میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے سامنے دستور حیات لے کرآئے اور اس کا اتباع کرنے کی دعوت دی جس کو بھلا کر اپنے ہی رائج کردہ قوانین کا نفاذ کرکے ملک میں مہنگائی بد امنی و انتشار پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جماعت اسلامی اس ملک کو ایسی ہی فلاحی اسلامی ریاست بنانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے جہاں امن و امان اور حقوق کی پاسداری ہو ۔اور جس ظالمانہ نظام و قانون کے اندر ہمیں جکڑ دیا گیا ہے اس سے نجات دلا کر اسلامی شریعت و قوانین کا نفاذ ہو.
انہوں نے پروگرام کے اختتام پر شرکا کو جماعت اسلامی کا ممبر بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی امین پر اللہ کے قوانین کے نفاذ کی جدودجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیجیے کہ ظلم کے خلاف کھڑے ہونا سنت نبوی ہے آئیے اس ظالمانہ نظام کے خلاف کھڑے ہو کر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سیاسی ماڈل کے نفاذ کی جدوجہد میں بھرپور حصہ ڈالیں۔ بعد ازاں خواتین سے ممبر سازی کے فارم پر کروائے گئے۔ اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ عائشہ ظہیر ،نگران نشرواشاعت صائمہ افتخار ،ناظمہ ضلع عظمی وحید اور دیگر زمہ داران بھی موجود تھیں۔