اسلام آباد(صباح نیوز)دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان میں منڈلاتے ہوئے انسانی المیے سے بچنے کیلئے عالمی برادری کے تعمیری روابط واحد راستہ ہیں ۔
سرکاری ریڈیو سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے عالمی طاقتوں پرزوردیاکہ وہ اس نازک صورتحال میں افغانستان کو تنہا نہ چھوڑیں ۔ترجمان نے کہاکہ افغانستان میں امن واستحکام براہ راست پاکستان میں امن سے وابستہ ہے جو ہمیشہ پرامن اورمستحکم افغانستان کا خواہاں ہے ۔عاصم افتخار نے کہاکہ پندرہ اگست کے بعد بطور ہمسایہ ملک پاکستان کو افغانستان میں عدم استحکام پرتشویش ہوئی اور ہم نے مثبت انداز میں اہم کردارادا کرنا تھا.
انہوں نے کہاکہ فوری انسانی المیے سے بچنے کیلئے ہم نے عالمی برادری کو افغانستان میں متحرک کیا اورانھیں رابطے میں رکھا۔ترجمان نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں کہا کہ پانچ اگست2019 کو بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا اصل مقصد کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرناہے۔ترجمان نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں عالمی قوانین اور جینوا کنونشن کے خلاف ہیں او ر پاکستان ہر عالمی فورم پر اسے مسلسل اجاگر کرتا چلا آرہا ہے۔عاصم افتخار نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت راشٹریہ سیوک سنگھ اورنازی ازم سے متاثر بھارتی حکومت تمام اقلیتوں کے لئے خطرہ ہے۔