کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن عبدالحلیم عمیری کا ڈکیتی پر مزاحمت پر قتل سندھ حکومت کی 15 سالہ کارکردگی کے منہ پر طمانچہ ہے۔دن دھاڑے پڑھے لکھے نوجوانوں کو جان سے مار دینا کراچی شہر میں روز کا معمول ہے۔پولیس اور ڈاکوؤں کی ملی بھگت کو عوام بھگت رہے ہیں۔نام نہاد انتظامیہ کا وجود کہیں نظر نہیں آتا ،
انہوں نے کہا کہ اگر صلاحیت نہیں تو کرسی چھوڑ کر گھر جائیں۔ جاوداں فہیم نے مزید کہا کہ کراچی کی ٹوٹی سڑک کے گڑھے میں گر کر جاں بحق ہونے والی ڈاکٹر حنا کی موت کو کرپٹ حکمرانوں کی نااہلی قرار دیا۔ بے ایمانی اور ناقص میٹیریل سے بننے والی ہر سڑک دو دن میں ملبے کا ڈھیر بن جاتی ہے اور من پسند ٹھیکیدار اپنی جیبیں بھرتے ہیں۔انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ڈیڑھ ارب کے پیکج کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دیا اور کہا کہ عوام کے منتخب کردہ بلدیاتی ٹاون چیئرمین کو بااختیار بنایا جائے اور ہر ٹاون کی صورتحال دیکھ کر سڑکوں اور سیوریج کے مسائل کا حل نکالا جائے۔#