لبنان میں پیجرز کے دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد12 ہو گئی

بیروت (صباح نیوز)لبنان میں پیجرز کے دھماکوں میں خواتین اور بچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد12 ہو گئی ہے  جبکہ ڈھائی ہزار زخمی ہیں جن میں 200 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پیجر دھماکے میں ایرانی سفیر مجبتی امان کی آنکھ ضائع ہو گئی ہے واضح رہے کہ اسرائیل نے لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے کمیونی کیشن سسٹم کو ہیک کیا اور حزب اللہ کے زیر استعمال پیجر ڈیوائسز کی بیٹریاں پھٹ گئیں۔ حزب اللہ نے 6 ماہ قبل تائیوان سے 5000 پیجرز درآمد کیے تھے اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کو پہلے سے اطلاع تھی تو اس کے ایجنٹوں نے پیجرز کی تیاری کے وقت بیٹری کے ساتھ باردو مواد نصب کردیا تھا۔لبنان نے اسرائیل کو ذمہ دار قرار دے دیا ہے جبکہ حزب اللہ نے بدلہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

ترجمان حزب اللہ نے بتایا کہ اسرائیل کے پیجر حملوں میں حسن نصراللہ محفوظ ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے بدلہ لینے کا اعلان کیے جانے پر اسرائیلی وزیراعظم سمیت تمام اہم شخصیات محفوظ مقام پر چھپ گئی ہے۔علاوہ ازیں یورپی ایئرلائنز کی اسرائیل اور لبنان کے لیے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ ان حالات میں یہ خبریں زیر گردش کرنے لگی
کہ پیجر ڈیوائسز کے دھماکوں میں ایران کے سفیر مجتبی عمانی ایک آنکھ سے محروم ہو گئے۔امریکی اخبار نے دعوی کیا کہ ایرانی سفیر کی دوسری آنکھ شدید متاثر ہوئی ہے۔ اخبار نے کہا ہے کہ ایران کے سفیر مجتبی عمانی کو علاج کے لیے تہران منتقل کیا جائے گا۔بعدازاں لبنان میں ایرانی سفارت خانے نے ایرانی سفیر کی آنکھ ضائع ہونے کی بات مسترد کر دی۔