حکمرانوں کی قومی مفادات کو ترجیح دینے کی بجائے ذاتی مفادات کے مطابق پالیسیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،محمد حسین محنتی

کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی قومی مفادات کو ترجیح دینے کی بجائے ذاتی مفادات کے مطابق پالیسیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ آئی ایم ایف کی غلامی اور آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں نے عوام کو دن میں تارے دکھادیئے ہیں۔ملک میں مہنگائی بدامنی اور سیاسی و معاشی بحران بھی اسی کا نتیجہ ہے۔تیل گیس اور کوئلہ سمیت قدرتی دولت سے مالامال ملک کے عوام بجلی گیس کے بحران کا شکار اور غربت و افلاس کا شکار ہیں۔ نجات کا واحد راستہ اسلامی نظام و دیانتدار قیادت ہے۔ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت  25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی کنڈیارو میں ممبرسازی کے سلسلے میں ضلع نوشہروفیرو کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ بزرگ رہنما اور ٹاون کمیٹی کے سابق چیئرمین سردار اکبر اجن، ہاشم لاشاری، غلام نبی آگرو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی وجہ سے پارلیمنٹ عملی طور ربڑ اسٹیمپ بن چکی ہے۔ ارکان اسمبلی کی گرفتاریاں پارلیمنٹ کی توہین۔ پارلیمنٹ کے تقدص اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنا حق استعمال کرنا چاہیئے۔ انہوں نے ذمے داران پر زور دیا کہ وہ ممبر سازی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے رابطہ عوام مہم کو تیز کردیں۔#