منی بجٹ کی تیاریاں ملک میں معاشی بہتری کے دعوؤں کی نفی ہے ،محمد حسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ منی بجٹ کی تیاریاں ملک میں معاشی بھتری کے دعووںکی نفی ہے۔مہنگائی بدامنی اوربجلی وگیس بحران سے ہرشہری پریشان ہے۔آئین وجمہوریت سے متصادم اورذاتی مفادات کی تکمیل کے لیے قانون سازی ملک وجمہوریت دشمنی ہوگی۔ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں پرتوہین پارلیمنٹ کا قانوں کہاں گیا؟۔حکومت عوام کومسائل سے نجات دلانے کی بجائے آئی ایم ایف کی غلامی میں مہنگائی کے بم گراکر ان کے مسائل میں مزیداضافہ کررہی ہے۔جماعت اسلامی ایک دینی وانقلابی جماعت ہے جو حاظ نعیم الرحمان کی زیر قیادت عوام کے حقوق اورمسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں ہے۔ہم سیاست کو گالی اورانتقام کی بجائے شرافت اورامانت ودیانت کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت بنا نا چاہتے ہیں ۔ظلم وناانصافیوں کے خاتمے اوراسلام کے عادلانہ نظام کے لیے عوام ممبربن کر جماعت اسلامی کی طاقت بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبرسازی مہم کے سلسلے میں کپ چوک حیدرآباد میں منعقدہ کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقامی امیرعقیل احمد،جے آئی یوتھ کے صدر عرفان قائمخانی ودیگر ذمے داران بھی اس موقع پر ساتھ موجود تھے۔قبل ازیں انہوں نے برادارتنظیمات کے اجلاس سے خطاب اورممبرسازی مہم میں بھرپورکردارادا کرنے پرزوردیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ ہے میں ہے کسی کی جان ومال محفوظ نہیں،جیکب آباد میں پولیوورکرخاتون کے ساتھ درندگی کا واقعہ انتظامی نااہلی اور مرادعلی شاہ حکومت کے منہ پرطمانچہ ہے۔ جو حکمران اپنے شہریوں کو تحفظ نہیں دے سکتے انہیں حکومت میں رہنے کاکوئی حق نہیں ہے۔واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ملوث ملزمان کو قرارواقعی سزادی جائے ۔#