عمران خان سے عوام مطمئن نہیں تو ہم کیسے ہوسکتے ہیں، ایم کیو ایم


لاہور(صباح نیوز) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ اگر عوام وزیراعظم عمران خان سے مطمئن نہیں تو ہم کیسے ہوسکتے ہیں، ہم نے اپنی غلطیوں پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔

لاہور میں وسیم اختر اور پنجاب کے صدر چوہدری عابد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی جو صورتحال ہے اس پر ہمیں بہت پہلے سے تشویش ہے، اختلاف رائے اچھی بات ہے، ملنے جلنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ہم نے ایک نئی ایم کیو ایم روشناس کروائی جو عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، ہم نے اپنی غلطیوں پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، ہم سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کرنے پنجاب آئے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ میڈیا کا شکرگزار ہیں کہ اس نے ہمارے کارکنوں پر تشدد کو مکمل طور پر دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کے دورے پر نکلے ہیں، سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ہم حکومت کے اتحادی ہیں بیڈگورننس کا ہمیں سب سے شکوہ ہے۔

عامر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ان کا بھی شکریہ ادا کریں گے، آج (منگل کو) چوہدری برادران سے ملاقات کا امکان ہے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی 15سال سے سندھ میں حکومت ہے، افسوس پورے سندھ میں انصاف نہیں ہوسکا، جن علاقوں سے پیپلزپارٹی جیتی وہاں بھی کام نہیں کرائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وڈیرہ شاہی نے سندھ کا نظام تباہ برباد کردیا ہے، ایم کیو ایم پرامن انداز میں اپنی جدوجہد کررہی ہے۔رہنما ایم کیو ایم پاکستان عامر خان نے کہا ہم نے بلدیاتی بل کے خلاف وزیراعلی سندھ ہائوس کے باہر پرامن احتجاج کیا لیکن پولیس نے ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، ہم بات چیت کرنے کے حق میں تھے لیکن حکومت سندھ نے تشدد کا راستہ اختیار کیا۔