کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نیپرا کی جانب سے ایک بار پھر کراچی سمیت پورے ملک کے صارفین کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر 3ماہ کے لیے 1.74روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بجلی قیمتوں میں اس اضافے کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ 1.74روپے فی یونٹ کے اس اضافے سے عوام پر43ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جو سراسر ظلم و نا انصافی ہے،عوام اس ظالمانہ اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے ، اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور کراچی کے عوام کو این ٹی ڈی سی سے بجلی فراہم کی جائے ۔ جاری بیان میں منعم ظفر خان نے کہاکہ ایک طرف بجلی نرخوں میں اضافے کی مسلسل اجازت دی جارہی اور عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے تو دوسری طرف کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی شہر یوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے ، بجلی سے محروم عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ، گزشتہ روز بھی کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر میں جگہ جگہ مظاہرے ہوئے اور شہریوں نے اپنے شدید غصے کا اظہار کیا ، اس صورتحال سے شہر بھر میں امن و امان خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے ، حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ نیپرا عملاً کے الیکٹرک کے لیے ربڑ اسٹیمپ کے طورپر کام کر رہا ہے اور عوامی مفادات کے بجائے کے الیکٹرک کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے ۔ حکومت ، نیپرا اورکے الیکٹرک کا ایک شیطانی اتحاد ہے جو کراچی کے عوام کے خلاف اقدامات کر رہا ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی کراچی کو ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی فراہم کر رہی ہے اور ٹیکسوں کی بھر مار کے باعث بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی عوام کے لیے مشکل سے مشکل تر ہو تی جا رہی ہے،مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کے خلاف ملک بھر میں جماعت اسلامی کی تحریک اور جدو جہد جاری ہے ،عوام کے اندر ایک لاوا پک رہا ہے ، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے سے عوام کے اندر مزید اشتعال پیدا ہو گا ،
انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کے لیے ایک مافیا کی شکل اختیار کر گئی ہے ،موجودہ حکومت سمیت ماضی کی ہر حکومت اور تمام حکمران پارٹیوں نے کے الیکٹرک کی حمایت اور سرپرستی کی ہے ۔ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو بلا تعطل اور سستی بجلی دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے ، اس نے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے عملاًکچھ نہیں کیا ، لائین لاسز بھی سب سے زیادہ کے الیکٹرک کے ہیں ، لوڈشیڈنگ روز کا معمول اور گرمی کے موسم میں عوام بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلتے ہیں ، اووربلنگ کی شکایات بھی عام ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت اور نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف ہمیشہ مؤثر اور توانا آواز اُٹھائی ہے اور اہل کراچی کی حقیقی ترجمان ثابت ہوئی ، نیپرا کی سماعت میں جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ پورے دلائل اور حقیقی اعداد و شمار کے ساتھ لڑتی ہے ۔ نیپرا سماعتوں میں کوئی پارٹی آج تک شریک نہیں ہوئی ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی لوٹ مار کے خلاف جدو جہد جاری رکھے گی اور کے الیکٹرک کی سرپرست حکومت ، نیپرا اور حکمران پارٹیوں کے کردار اور چہروں کو بے نقاب کرتی رہے گی ۔