حکومت،حزب اختلاف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔مولانا حامد الحق

پشاور(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام (س)کے امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہاہے کہ ہم ملک میں دین کی سربلندی اور غلبہ اسلام کے لئے کوشاں ہیں ، ہمارے بڑوں نے اپنی زندگیاں اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے اور اس ملک کو سودی نظام سے پاک کرنے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے گزار دی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ناگمان کے قریب گاؤں بنیادی میں حاجی تجمل خان کی اپنے ساتھیوں سمیت جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا سراج ،اور حاجی علیم خان نے بھی فاقلہ علمائے حق میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔پارٹی رہنما مولانا سید یوسف شاہ، مولانا سید صاحب حسین حقانی،مفتی محمد رضا حقانی اور مولانا عبدالحق ثانی موجود تھے۔

مولانا حامد الحق حقانی نے اپنے خطاب میں مولانا سمیع الحق مرحوم کی دینی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اور ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے بارے میں کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام تر توجہ عوام کو درپیش مسائل پر مرکوز رکھے ۔ اس وقت کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگیاں اجیرن کررکھی ہے جن مں بجلی گیس اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ،لوگ خودکشیوں پر مجبور ہورہے ہیں ، حکومت اور حزب اختلاف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔ مولانا سید یوسف شاہ نے کہاکہ خداکی زمین پر خدا کے نظام کا نعرہ ہمیں اپنے اکابر اور بڑوں سے ورثے میں ملا ہے ،ہم ان شا  اللہ اپنے شہید قائد مولانا سمیع الحق شہید کے مشن کو پورا کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے شرکائے جلسہ پر زور دیا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہوکر  دینی نظام کے نفاذ کے لئے اس مقدس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔