انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں تعلیمات نبوی ۖ کو شامل کیا جائے، میر واعظ محمد عمر فاروق

 سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ کشمیرڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کی آمد پر اہلیان اسلام کو دلی مبارکباد پیش  کی ہے ۔ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے   کہا ہے کہ اسی ماہ متبرک میں انسانیت کے آخری نجات دہندہ پیغمبر رحمت حضرت محمد ۖ کی ولادت اور بعثت ہوئی ہے اور آپۖ کی آمد اور تشریف آوری سے انسانیت میں ہمیشہ کیلئے فصل بہار آگئی ہے۔ ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ  اس عظیم اور بابرکت مہینے کے فیوض و برکات اور سیرت نبویۖ کے عظیم پیغامات سے اسی وقت استفادہ کیا جاسکتا ہے جب ہم سیرت نبوی اور اسوئہ حسنہ کے ہمہ جہت تعلیمات کو اپنی زندگیوں میںا شامل کریں۔

میرواعظ نے کہا کہ آج ہمارا سماج جن گوناگوں مسائل ، بدعات ، سماجی خرافات اور دیگر برائیوں سے آلودہ ہو رہا ہے اس سے نجات کیلئے واحد راستہ یہی ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں تعلیمات نبوی ۖ کو شامل کریں اور زندگی کے ہر شعبے میں اسلام کے دعوتی اور اصلاحی پروگرام کو عملانے کیلئے من حیث القوم مثبت کوششیں بروئے کار لائیں۔ماہ ربیع الاول کا یہی پیغام ہے کہ ہمارے ائمہ، علما، خطبا، اساتذہ او ر والدین سماج کی بہتر نشو ونما کیلئے سیرت رسول ۖ کو عام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور مساجد ، خانقاہوں، امام باڑوں ، تعلیمی اداروں اور دانشگاہوں سے پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنا بھر پور رول ادا کریں تب جاکر اس معاشرے کی اصلاح کی توقع کی جاسکتی ہے۔