جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کی توانا آواز بن گئی ،جاوداں فہیم


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا ہے کہ کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے  لیے طویل جدوجہد کے باعث جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کی توانا آواز بن گئی ہے ۔اسلام ایک مکمل فلاحی نظام ہے جو غالب ہونے کے لئے آیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ضلع شرقی ارقم اسلامک سینٹر میں حلقہ خواتین کی ضلع  وعلاقائی ذمہ داران ناظمات اور نگرانوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ناظمہ ضلع ندیمہ تسنیم رابطہ عوام مہم کی نگراں فرحانہ مظہرنگران  نشرواشاعت صائمہ عاصم نے بھی خطاب کیا ۔ جاوداں فہیم نے کہا کہ عوام الناس میں نفوذ کیلئے ہماری قیادت نے بھرپور جدوجہد کے ذریعے موافق فضا تیار کردی ہے ، یہ ایک اہم موڑ ہے کہ اب ہمیں اس قوم کو اپنے ساتھ لیکر چلنا ہے ، اس موافقت کو اپنے حق میں استعمال کرنا ہے اور ملکی سطح پر قیادت کے خلا کو پر کرنا ہے ۔ اپنی علمی استطاعت میں اضافہ کیجئے ۔ تحریکِ اسلامی کے مفید لٹریچر کا مطالعہ کریں اور راستے بنائیں ۔ عوام تک پہنچیں ، اپنے نظم کے مہیا کردہ اہداف پر دل جمعی سے کام کرنا ہوگا ۔ نوجوان طبقہ کو بطورِ خاص اپنے ساتھ شامل کریں ، ہماری تمام برادر تنظیمات اس مہم میں فعال رہیں گی ۔

جاوداں فہیم نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان  جماعتِ اسلامی کا پیغام عوام تک پہنچا چکے ہیں ، اب ہمارا کام ہے ہر سطح تک اس پیغام کو عام کرتے ہوئے لوگوں کو اپنے ساتھ ملانا شروع کردیں ۔ ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کوئی نیا ٹاسک نیا کام نہیں ہے ، عام پاکستانیوں سے رابطہ اور جماعت اسلامی کی دعوت ان تک پہنچانے کا ہی کام ہم طویل عرصہ سے کرتے آ رہے ہیں لیکن ہم جتنے سازگار ماحول مشاہدہ کررہے ہیں یہ ایک انتہائی حوصلہ افزا مقام ہے ۔ میڈیا ایپس کے ذریعے نوجوان نسل ہم سے واقف ہوئی ہے اور خواتین کی ایک بڑی تعداد جماعت اسلامی سے متعارف ہوچکی ہے ، ہمیں اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہے، اخلاص کے ساتھ کی گئی کوششیں ضرور بار آور ثابت ہوتی ہیں ، رابطہ عوام مہم کی ضلعی نگران اور نائب ناظمہ ضلع شرقی فرحانہ مظہر نے رابطہ فارم بھرنے کے حوالے سے ہدایات و معلومات فراہم کیں ، اس مہم کی رپورٹ ہفتہ وار مرتب کی جائیںگی۔