بنجر علاقوں کو قابل کاشت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،مصدق ملک

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ بنجر علاقوں کو قابل کاشت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔سپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت جاری قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت بنجر علاقے کو زیر کاشت لایا جاتا ہے، پروگرام کے لئے 4.8 ملین ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ، 8 لاکھ 12ہزار ایکڑ زمین 2 صوبوں میں ایکوائر کی گئی ، پنجاب اور سندھ نے کانٹریکٹ کے تحت زمین ٹرانسفر کر دی ہے جبکہ باقی دو صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بات چیت جاری ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ گلگت بلتستان سے بھی گفتگو جاری ہے، منصوبے کے تحت صوبوں اور انویسٹرز کے درمیان شراکت داری ہو گی، صوبوں کو 40 فیصد اور انویسٹرز یا کمپنیوں کو 40 فیصد ملے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بنجر علاقوں میں تحقیق کے لیے 20 فیصد رقم آر اینڈ ڈی کے لیے مختص ہو گی، نگرانی کے لیے ایک کمپنی رجسٹرڈ کی گئی ، کسی صوبے میں درکار پانی اس صوبے کے حصے سے دیا جائے گا۔ا نہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں پہلی سکیم چولستان کینال کی زمین ہے، ارسا اور وفاقی حکومت کا اصرار ہے کہ صوبہ اپنے حصے سے پانی دے گا، کسی دوسرے صوبے کا پانی نہیں لیا جائے گا۔