میانوالی(صباح نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے بلاول اورزرداری سے ملاقات پر مجھے اعتماد میں لیا، شہباز اور زرداری ملاقات سے کھلاڑی اور اناڑی خوفزدہ ہیں،پی ڈی ایم کبھی بھی صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی۔
میانوالی کے علاقے کندیاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ اس حیثیت سے دیگر جماعتوں سے مل سکتے ہیں، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے مزید کہا جمعیت پی ٹی آئی کی ناجائز حکومت کو تسلیم نہیں کرتی، ہم جلد عوام کو اس ناجائر حکومت سے چھٹکارا دلوائیں گے، پارلیمنٹ عوام کا عہدہ ہے، اس کے بغیر آمریت ہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کبھی بھی صدارتی نظام کی حمایت نہیں کرے گی ، پاکستان کو مضبوط عوامی حکومت چاہیے، پارلیمانی نظام عوامی نظام ہے ،سی پیک عظیم منصوبہ ہے مگر تین سال سے بند ہے، پنجاب میں بلدیاتی الیکشن پر لائحہ عمل ہماری مجلس شوری طے کرے گی۔