بلاول کو غلط فہمی ہوگئی ، لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتے، فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو غلط فہمی ہوگئی ہے کیونکہ وہ لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے حالات مزید بدترہوتے جائیں گے کیونکہ عمران خان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، شہباز شریف کے گھر جا کر بلاول نے سرینڈر ڈاکیومنٹ سائن کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے مقصود چپڑاسی کے پیسے نکلے ان کے درمیان محبتیں بڑھ گئی ہیں، بلاول لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کر سکتے انہیں کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہاکہ انہوں نے تیرھویں دفعہ لانگ مارچ کی کال دی ہے ۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کئی دن بھی سرجوڑ کر بیٹھیں تو ناکامی ان کا مقدر ہے، دونوں خاندانوں کے جعلی اکاونٹس اور چوری کے راز ایک جیسے ہیں، دونوں نے ملنا ہی تھا۔

انہوں نے مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کے اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کو یوم یکجہتی چوراں ڈکلیئر کیا گیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یہ گٹھ جوڑ چوریاں چھپانے کی کوشش ہے، کل پیپلز پارٹی کا سرنڈر ڈاکومنٹ سائن کیا گیا، ن لیگ نے سندھ اور پی پی نے پنجاب میں سیاسی مداخلت نہ کرنے کا عہد کیا۔