غاصب نازی دشمن کو ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا،حماس


طولکرم (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں گذشتہ شام پانچ فلسطینی شہریوں کی اسرائیلی بمباری میں شہادت کے بعد غرب اردن کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قابض دشمن کے خلاف مسلح جدو جہد تیز کریں اور دشمن کے ہرکیمپ اور چوکی کو نشانہ بنائیں۔

حماس نے جاری ایک بیان میں نورشمس کیمپ میں اسرائیلی فوج کی تازہ دہشت گردی میں پانچ فلسطینیوں کی شہادت کوایک بزدلانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔اس موقعے پرحماس نے فلسطینی عوام بالخصوص غرب اردن کے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ قابض دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی مسلح جدو جہد کا دائرہ بڑھا دیں۔ دشمن کی سلامتی کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کریں اور دشمن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مل کر جدو جہد کریں۔

ایک بیان میں حماس نے زور دیا کہ ہماری سرزمین اور ہمارے عوام کے خلاف قابض ریاست کے ذریعے چھیڑی جانے والی یہ جنونی جنگ قابض دشمن میں سلامتی اور استحکام نہیں لائے گی، بلکہ اس کے پائوں تلے زمین کو آگ لگا دے گی۔ اس کے آباد کاروں اور قابض لیڈروں کو کوئی جائے پناہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حماس جس طرح نور شمس کیمپ میں پانچ شہدا کا سوگ کا اعلان کرتی ہے، اس کے ساتھ یہ اعلان کرتی ہے کہ ان شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، غاصب نازی دشمن کو ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔خیال رہے کہ کل سوموار کی شام اسرائیلی فوج نے طولکرم شہر کے نورشمس کیمپ میں ایک مکان پربمباری کی جس کے نتیجے میں پانچ فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے