کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ 26اگست 1941ء کو ایسی جماعت معرض وجود میں آئی جو زمین پر اپنی نہیں بلکہ خالق کائنات کے انسانوں کو بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق حکومت کا قیام چاہتی ہے، یہ وہ فطری اصول ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے انسان فلاح، امن اور خوشحالی پا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسجد اقصیٰ گلشن اقبال کراچی میں یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناظم علاقہ عاقل عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے،انہوں نے کہاکہ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والی پارٹی سے لے کر دیگر پارٹیوں سالہاسال حکومتی کرتی رہیں لیکن بہتری نہ لا سکیں، انھوں نے معیشت اور امن و امان تباہ کر دیا اور وہ پاکستان جو اپنے ابتدائی دنوں میں ترقی کر رہا تھا اسے دلدل میں دھکیل دیا جس سے نکلنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں کی گورننس کے نتائج پوری عوام بھگت رہی ہے۔ جماعت اسلامی اور سیکولر حکمران پارٹیوں میں واضح فرق ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر اللہ اور اس کے رسولۖ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق نظام چلائے گی۔جماعت اسلامی معیشت کو ٹھیک کرے گی اور امن بحال کرے گی، عوام سے اپیل ہے کہ فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں، جماعت اسلامی کے کارکنان انفرادیت قائم رکھیں اور یکسوئی سے اللہ کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کریں۔