تاجر اور عوام ایک پیچ پر ہیں  28اگست کو ہڑتال ہر صورت ہوگی ، منعم ظفر خان


کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے تحت مہنگی بجلی،بجلی کے بھاری بلوں،تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف28اگست کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے کراچی کی تاجر تنظیموں اور دوکانداروں نے مکمل حمایت اور مارکیٹیں بند کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ 28اگست کو مہنگی بجلی ، تنخواہ دار طبقے پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہڑتال ہر صورت ہوگی ،تاجر اور عوام ایک پیچ پر ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز،ظالمانہ سلیب سسٹم، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں،آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ٹیکس ختم کیے جائیں،بچوں کے دودھ اور اسٹیشنری پر سے ٹیکس ختم کیا جائے،جاگیردار وں اور طبقہ اشرافیاں پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ،کراچی میں لوڈ شیڈنگ ختم کر کے عوام کو سستی بجلی دی جائے،کراچی کو اس کا پورا پانی دیا جائے اور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کو ظلم سے نجات دی جائے،افسران کو سرکاری گاڑیاں 1300سی سی زیادہ نہ دی جائیں، حکمرانوں،بیوروکریٹس،سول فوج افسران سے سرکاری مراعات واپس لی جائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک اور حق دو عوام تحریک کو عوام کے اندر زبردست پذیرائی مل رہی ہے جس کے باعث حکومت اور اس کے اتحادی جماعتوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری و روزگار بچاؤ تحریک کے تحت شہر بھر میں 28اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں فلوٹ چلائے گئے ۔جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری یونس بارائی ، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد ، جنرل سکریٹری عثمان شریف نے شاہ فیصل کالونی مارکیٹ ،فلک ناز ٹاور ،اسٹارگیٹ،لیاقت مارکیٹ ملیر، کھوکھرا پار مارکیٹ ،ٹینکی مارکیٹ،سعودآبادمارکیٹ ،بابر مارکیٹ،قائدآبادسمیت دیگر مارکیٹوں کا دورہ کیا اور مارکیٹوں کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ انجمن تاجران قائد آباد کے صدر شوکت ربانی اور لیاقت آبادمارکیٹ کے نومنتخب صدر حنیف گھانچی سمیت شہر کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے فلوٹ کا زبردست خیر مقدم کیااور28اگست کی ہڑتال کی مکمل حمایت اور یقین دہانی کروائی ۔ یونس بارائی نے لیاقت آباد مارکیٹ اور قائد آباد مارکیٹ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے اپیل کی کہ تاجر دشمن اسکیم اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف متحد ہوجائیں اور 28اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور اپنی مارکیٹیں بند رکھیں ۔امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری کی قیادت میں بھی جماعت اسلامی کے وفد نے 28اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے اورنگی ٹاؤن میں علیگڑھ بازار یونین کے شیر محمد، اورنگی ٹریڈ یونین کے صدر اور مرکزی تنظیم تاجراں کے نائب صدر عبداللہ بٹرا، اورنگی 10نمبر مارکیٹ کے صدر محمد زبیر،اورنگی موبائل مارکیٹ کے نبیل سے ملاقاتیں کیں ۔تمام تاجر تنظیموں نے ہڑتال کی مکمل حمایت اور دوکانیں بند رکھنے کی یقین دہانی کروائی ۔#