کراچی (صباح نیوز) کراچی کی تاجر تنظیموں نے ایک بار پھر مہنگی بجلی ،بجلی کے بھاری بلوں،تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف28اگست کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 28اگست کو تمام مارکیٹیں اور کاروبار بند رہے گا،تاجر دوست اسکیم کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو طویل ہڑتال کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے ۔علاوہ ازیں کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن نے بھی 28اگست کی ہڑٹال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
یہ اعلان ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت وفد سے ماڑی پور میں ایسوسی ایشن کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیاجبکہ تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے جماعت اسلامی کی دعوت پر ادارہ نورحق میں منعقدہ تاجروں کے مشاورتی اجلاس میں 28اگست کی ہڑتال کی مکمل حمایت اور مارکیٹیں بند کرنے کا اعادہ کیا۔منعم ظفر خان نے تاجر تنظیموںاورگڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔ منعم ظفر خان کی زیر قیادت وفد نے کراچی گڈز کیر ئیر ایسوسی ایشن کے عہدیداران رانا اسلم ،حاجی غلا م مصطفیٰ ،عدنان ،رانا زاہد محمود، سردار ادریس بلوچ، ملک آصف ودیگر سے ملاقات کی۔ وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسحاق خان ، ڈپٹی سیکریٹری یونس بارائی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، امیر ضلع کیماڑی فضل احد ،ضلعی صدر پبلک ایڈ کمیٹی شیراز خان جدون ودیگر شامل تھے۔مشاورتی اجلاس سے کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر ،اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے مرکزی جنرل سکریٹری محبوب اعظم ،سندھ تاجر تاجر اتحاد کے چئیرمین جمیل پراچہ ،اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کراچی کے صدر محمود حامد ودیگر تنظیموں کے عہدیداران نے خطاب کیا ۔منعم ظفر خان نے تاجرتنظیموں کے مشاورتی اجلاس اور گڈزایسوسی ایشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہاکہ تمام تاجر حضرات اور پوری ملت اسلامیہ کومبارک ثانی کیس اور ختم نبوت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے تحت جمعہ کو کراچی میں بھی یوم تشکر منایا گیا ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تاجر اور جماعت اسلامی لازم ملزوم ہیں، حافظ نعیم الرحمن جب کراچی آئے تو سب سے پہلے تاجروں سے ملاقات ہوئی، ہم نے مطالبات میں تاجر دشمن اسکیم لکھا اور کہا کہ اسے ختم کیا جائے، ظالم حکمرانوں کے خلاف 14 دن دھرنا دیا،پنڈی ،لاہور ،ملتان ،پشاور سمیت مختلف شہروں میں جلسے کیے ،جماعت اسلامی نے دھرنا ختم نہیں کیا بلکہ موخر کیا ہے،بعض آئی پی پیز کو صفر فیصد جنریشن پر 100 فیصد ادائیگی پاکستان کے عوام پر ظلم ہے، تاجر دوست اسکیم کے نام پر تاجروں سے ایڈوانس میں ٹیکس وصول کرنے کی بات ہورہی ہے، کے الیکٹرک، نیپرا اور حکومت کا شیطانی اتحاد ہے جو عوامی اتحاد سے توڑیں گے۔ 28 اگست کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے شہر بھر میں مہم چلائیں گے ہم پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ کراچی کے ساتھ بدقسمتی یہ ہے کہ ایک نہیں بے شمار مسائل ہیں ہم 28 اگست کو کامیاب ہڑتال کریں گے ظالم حکمرانوں سے اپنا حق حاصل کرنے کے لیے پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔کراچی گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے تاجروں ، ٹرانسپورٹ سمیت ہر شعبہ و طبقہ زندگی سے وابستہ افراد کے لیے جماعت اسلامی کی جدو جہد کو خراج ِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کو کامیابی ملے کیونکہ جماعت اسلامی کی کامیابی سے ہی سب کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی مہنگی بجلی اور بجلی کے بھاری بلوں سے سخت پریشان ہیں ، ہمارے لیے پولیس کے بھتے اور جگہ جگہ غیر ضروری چالان بھی مشکلات و پریشانیوں کا باعث ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں تاجر دشمن ، ٹرانسپورٹ دشمن پالیسیاں ہیں ۔ 28اگست کی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال حکومت کے لیے ایک واضح اور مؤثر پیغام ثابت ہوگی کہ وہ اپنی پالیسیاں تبدیل کرے۔تاجروں کے مشاورتی اجلا س سے چیئرمین پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے جاوید حاجی عبد اللہ ،کراچی اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک ،طارق روڈ ایسوسی ایشن کے اسلم بھٹی ،حیدری مارکیٹ کے رہنما سید اخترشاہد ،صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے جنرل سکریٹری اسلم خان ، صدر انجمن تاجران سندھ کے جاوید شمس ،فلک ناز ٹاور کے صدر مختار قریشی ،عثمان شریف ،انجمن تاجران کراچی کے رہنما حسنین جعفری ، کنزیومر ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد مظہر ،رہنما گلشن اقبال مارکیٹ ایسوسی ایشن کے جاوید اختر ،کھوڑی گارڈن کے صدربلال میمن ، عارف عالم ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔عتیق میر نے کہاکہ جب تک ملک میں ظالم و جابر حکمران ہم پر مسلط ہیں ہم پر کسی دشمن ملک کے حملے کی ضرورت نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی صورتحال سب کے سامنے ہے، انقلاب آتا ہے تو سول نافرمانی سر اٹھاتی ہے، ظالموں نے عوام کی خوردونوش سمیت تمام ضروریات زندگی کی اشیاء پر ظالمانہ ٹیکسز لگادیے ہیں، یہ سب ہمارے ماضی کی خاموشی کا سبب ہے، ہڑتال یقینی طور پر ہوگی، ہمیں اور آگے بڑھنا ہے اور اپنے روشن سویرے کو خود سنوارنا ہے۔
محبوب اعظم نے کہاکہ 28 اگست کی ہڑتال اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ اس میں جماعت اسلامی تاجروں کی اور تاجر جماعت اسلامی کی ہڑتال کی حمایت کررہے ہیں۔ بد قسمتی سے ہم بنیادی مسائل کو بھول کر ذاتی اختلافات پر مصروف ہوجاتے ہیں۔ ہمیں اپنے درمیان اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام تاجر اتحاد پیدا کرلیں تو اپنے تمام مطالبات منواسکتے ہیں۔جمیل پراچہ نے کہاکہ ہم جماعت اسلامی کے دھرنے میں شامل رہے،اور جماعت اسلامی کے کارکن بن کر کام کیا اور آئندہ بھی ہم عوامی حقوق کے حصول کے لیے ساتھ رہیں گے اور مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔محمود حامد نے کہاکہ 28 اگست کی ہڑتال کے اعلان کے ساتھ ہی کراچی کے تاجروں نے اتحاد و یکجہتی کا اظہار کیا، ہمیشہ کی طرح کراچی کے تاجروں نے جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کیا اور ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے مظاہرے کیے۔آئی پی پیز 25 کروڑ عوام کے ساتھ ظلم ہے، اگر کچے کے ڈاکوں کو یہ فراڈ پتا چل جائے تو وہ ڈکیتی چھوڑ کر آئی پی پیزبنالیں گے، حافظ نعیم الرحمن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایک بڑے ہاتھی کے خلاف نہ صرف بات کی بلکہ اس کو کر کرنے کا مطالبہ کیا۔تاجردوست اسکیم فراڈ ہے ہم اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے، تاجر کے پاس بجلی کا بل دینے اور کرایہ دینے کی استطاعت نہیں ہے۔ 28اگست کی ہڑتال آخری نہیں بلکہ ہڑتالوں کا آغاز ہے۔