وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات


بیجنگ (صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں،دونوں ممالک کے مابین سٹریٹیجک شراکت داری مثالی نوعیت کی حامل ہے اورامن وخوشحالی کے شراکت دار کی حیثیت ہے۔پاکستان اور چین پورے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ون چائینہ پالیسی سمیت ہمیشہ  چین کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کی ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان اور چین اس سلسلے میں قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔