آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں داخلے کے لیے مینول ایڈمیشن فارمز کے اجرا کا سلسلہ بھی شروع

 مظفر آباد(صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں داخلہ کے خواہشمند طلبا و طالبات کو انٹرنیٹ کی سست روی کے باعث درپیش مسائل کے حل کیلئے آن لائن ایڈمیشن کی سہولت کیساتھ ساتھ مینول ایڈیشن فارمز کے اجرا کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ نظامت امور طلبا کے دفتر سے جاری ہونے والی ہدایات کے مطابق اب داخلہ کے خواہشمند طلبہ ڈائریکٹر امور طلبہ(ڈی ایس اے آفس) چہلہ کیمپس و کنگ عبداللہ کیمپس (چھتر کلاس) سے طباعت شدہ فارمز حاصل کرتے ہوئے اپنے منتخب پروگرام میں داخلہ کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں طلبہ کو آن لائن داخلہ فارمز کی تکمیل میں سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر جامعہ کے چہلہ کیمپس اور کنگ عبداللہ کیمپس (چھتر کلاس) میں آن لائن انٹری کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ داخلہ کے خواہشمند طلبا کو معلومات کی فراہمی کی غرض سے تمام تدریسی شعبہ جات میں معلوماتی ڈیسک بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ مزید برآں اب طلبہ آن لائن فارمز کا صفحہ اول جو بنیادی معلومات پر مشتمل ہے کو پر کرتے ہوئے چالان کے ہمراہ نظامت امور طلبا کے دفاتر میں مقررہ وقت پر جمع کرواتے ہوئے انٹری ٹیسٹ میں شامل ہوسکتے ہیں