کسی کے غلام نہیں، ملک کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے، مولانا فضل الرحمان


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) جمعیت علما اسلام(ف)اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کسی کے غلام نہیں، پاکستان کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے، وطن کو دوبارہ غلام نہیں بننے دیں گے، تحریک انصاف کو ووٹ دینے والا ملک کو ڈبو نے کے مترادف ہے،بہت جلد اقتدار میں آ کرسی پیک پر کام شروع کریں گے۔

ڈی آئی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا اپنے منشور کا حصہ بنایا، ووٹ خریدنا قوم کا عیب ہوتا ہے، مقابلہ بلے اور کتاب کے درمیان ہے، 3 سال بلے کی حکومت دیکھی، آج غریب آدمی آٹا خریدنے کے قابل نہیں، حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا۔ انہوں کہا کہ بہت جلد اقتدار میں آ کرپاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)پر کام شروع کریں گے اور معیشت کو بحال کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ سی پیک کا منصوبہ بند کرکے اس کا بند کمرے میں افتتاح کیوں کیا گیا؟ان کا کہنا تھا کہ بھیک مانگ مانگ کو قوم کو ذلیل کررہے ہیں، ہمارے خلاف لچے لفنگون کو لگا دیا ہے جبکہ صوبے کی بڑی جماعت جمعیت بن گئی ہے، ہم نے ان کو پہلے مرحلے میں شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے سال میں ایک بجٹ آتا تھا اور اب سال میں چار چار بجٹ آتے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کی یکجہتی کا دن ہے اور وزیراعظم چین گئے ہیں، چین کی قیادت نے ویڈیو لنک سے بات چیت کی اور ملاقات نہیں کی، خود کو وزیراعظم کہنے والے سے چین میں قیادت ملاقات نہیں کرتی، چین میں ہو کر بھی قیادت ویڈیو لنک پر بات کرتی ہے، عمران خان قوم کے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کا سودا کر دیا ہے، میں ان قوتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ احتیاط کریں، ہم کسی کے غلام نہیں ہیں، ہم نے اس ملک کو امریکا کی غلامی سے آزاد کرانا ہے۔

جے یو آئی (ف)کے سربراہ نے کہا کہ 2019 کے بعد اسٹیٹ بینک نے حکومت کو کوئی قرضہ نہیں دیا، دھاندلی کر کے ملک پر نااہل اور نالائقوں کو قوم پر مسلط کیا گیا، ہماری امریکا کی غلامی کرنے والوں کے خلاف جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت صوبے میں 2 مرحلوں میں الیکشن کرائے، عوام نے ان کی یہ بھی سازش ناکام بنا دی، انہوں نے بھیک مانگ مانگ کر قوم کو بے توقیر کر دیا ہے، عمران خان کے بلے نے ہمیں بے بس کر دیا، اب قوم جان چھڑانے کے لیے دعاگو ہے، لوگ ملک کی اس تباہی میں عمران خان کا ساتھ نہ دیں۔