عمران خان کی ازبک صدر سے ملاقات، تعلیم، ثقافت میں تعاون پر تبادلہ خیال


اسلام آباد /بیجنگ(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں ازبک صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی۔

بیجنگ میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے موقع وزیراعظم عمران خان نے ازبک صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا، دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کو فعال کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت اور سیاحت کے فروغ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا، وزیراعظم نے ریلوے منصوبے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے تعلیم اور ثقافت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا، علاقائی امن و استحکام پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت اور عوامی رابطے بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات پر غور اور علاقائی امن و استحکام کیلئے جاری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت اور ڈرامہ و فلم انڈسٹری میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا،ملاقات میں علاقائی امن و استحکام پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان علاقائی استحکام کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں رہنمائوں نے عالمی برادری سے افغانستان کی اقتصادی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔