آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات حاصل کئے بغیر ترقی نہیں کرسکتے،محمد حسین محنتی

کراچی/ٹنڈو الہ یار(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سودی نظام، آئی پی پیز اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات حاصل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ مفاد پرست حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ایسے ظالمانہ معاہدے کئے جس کا خمیازہ پوری قوم مہنگی بجلی و ظالمانہ ٹیکسز کی صورت میں بھگت رہی ہے ان سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے۔اسٹیبلشمنٹ نے سیاست میں مداخلت اور حقیقی قیادت کا راستہ روک کر فارم 47 کے جعلی حکمران مسلط کرنے سے آج وطن عزیز بحرانوں کی زد میں ہے۔ جیسا ایکشن فیض اینڈ کمپنی کے خلاف لیا گیا ہے ایسا ہی ایکشن قومی معیشت کو تباہ کرنے والے سویلین مجرموں بشمول سیاست دانوں، بیورو کریٹ، ججوں اور بیوپاریوں کے خلاف بھی لیا جائے تو قوم خوب دعائیں دے گی کیونکہ ملک و قوم کی خاطر کڑا احتساب سب کا اور بلاتریق ہونا چاہیے۔ملکی ترقی و مسائل سے نجات کا واحد حل قرآن وسنت کا نظام ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امین مسجد ٹنڈو الہ یار میں ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع دیدار حسین بہرانی اور امیر شہر آصف یاسین دعوتی و تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت صوبہ میں قیام امن اور ڈاکو راج کے خاتمے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے۔ایک اہم پارٹی رہنما و رکن قومی اسمبلی کاسندھ میں قیام امن اور ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے فوج کو بلانے کا مطالبہ حکومتی ناکامی کا اعتراف ہے۔صوبائی امیر نے الخدمت آرفن کیئر باہمت بچوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں ان کی صحیح تعلیم و تربیت وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب سے امیر ضلع دیدار حسین بہرانی اور حاجی شفیق احمد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔