شہبازشریف کا بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلیفون


لاہور ،کراچی(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

جمعہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے فون کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور ملک میں بدترین مہنگائی کے بعد عوامی مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، جب کہ پارلیمان میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے شہازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کا لالی پاپ دے کر عمران خان نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا، سلیکٹڈ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کے مسائل میں اضافہ کررہا ہے، مہنگائی کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔