راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے افسران کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی مبینہ سہولت کاری کا معاملہ سامنے آنے پر بانی پی ٹی آئی کے سیل کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی سیل کے اطراف تعینات رہیں گے، سیل کے اطراف جیل کے عملے کو ہفتہ وار تبدیل کیا جائے گا۔ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران جیل کے عملے کو صحافیوں، وکلا اور پارٹی رہنماؤں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔
جیل کے اندر رہائش پذیر اہلکاروں کی بھی مکمل تلاشی لی جائے گی ،اس حوالے سے سکیورٹی اداروں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم کو تحویل میں لیا ہے، جن پر بانی پی ٹی آئی کے لئے جاسوسی، پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔