چیئرمین گلشن ٹاؤن کراچی نے” کلین اینڈ گرین جامعہ کراچی ” مہم کا افتتاح کردیا

کراچی (صباح نیوز) چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ شہر کراچی کے ماحول کی بقا کیلئے شجر کاری ناگزیر  ہے، ماحولیاتی اور موسمی تبدیلیوں کے جو اثرات دنیا بالخصوص پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں رونما ہو رہے ہیں ، اس سے نمٹنے کیلئے اگر ہم نے ہنگامی بنیادوں پر اجتماعی اقدامات نہ کئے تو اس کی لپیٹ سے بچنا مشکل ہوجائیگا، مجھے خوشی ہے کہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان اس چیز کو سنجیدہ لیتے ہوئے نہ صرف شجرکاری کی آگاہی دے رہے ہیں بلکہ مہم کا انعقاد کرکے از خود اس نیکی کے عمل کو پروان چڑھا رہے ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی کے ہمراہ  ” کلین اینڈ گرین جامعہ کراچی ” مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر جامعہ کراچی کے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ  پاکستان کا مستقبل ہیں ، شجر کاری جیسی سرگرمیوں کا انعقاد  حوصلہ افزام ہے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی شرکت اس کار خیر کو مزید مثر بنا رہی ہے۔

انہوں نے اس موقع پر جامعہ کراچی کی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر خالد عراقی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی نے  ” آ مل کر گلشن کو گلشن بنائیں” کے تحت شجرکاری مہم جس میں ہم ایک لاکھ درخت لگا رہے ہیں اس میں نہ صرف تکنیکی معاونت فراہم کی  بلکہ عملی طور پر اس پروگرام میں شرکت کرکے ہمارے حوصلے مزید بلند کئے ہیں ، اس موقع پر وائس چانسلر نے بھی چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد اور پوری ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ بعد از اں طلبا و طالبات سمیت سب نے اپنے حصے کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کو اگے بڑھایا ، اس موقع پر ڈاکٹر وقار ، الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اور دیگر اہم شخصیات کے علاہ طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں  شجرکاری مہم میں حصہ لیا.