اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،ریکٹرسکیل پرشدت5.9ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق9بج کر 18منٹ پرا سلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مانسہرہ،ہریپور، دیر بالا، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مینگورہ، کوہاٹ، مظفرآباد،میرپور و گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، گلگت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ،پنڈدادن خان، جہلم ،سرگودھا، لیہ، بھکر، کمالیہ ، ملتان اور ساہیوال سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے  ۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 محسوس کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا جبکہ گہرائی 210 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد کلمہ طیبہ کا ورد کرتی ہوئی گھروں سے باہر نکل آئی۔ مقبوضہ کشمیر، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، ریاست اتر پردیش کے شہر نوائیڈا سمیت مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع فوری طور پر نہیں ملی۔mk