ہرنائی (صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شاہرگ کے علاقے شعبان سے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ہرنائی کے علاقہ زرغون غر میں لوئیزوار کے مقام پر چھ افراد کی لاشیں ملی ہے جو انتہائی خستہ حال ہے، تمام لاشیں ایک ہی مقام سے ملی ہے جوکہ ایک چرواہے نے اپنی بکریوں کو چراتے ہوئے دیکھیں، تمام افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا ۔ممکنہ طور پر یہ لاشیں ان افراد کی ہوسکتی ہے جنہیں کالعدم تنظیم بی ایل اے نے عید الاضحی کے موقع پر پکنک مناتے ہوئے شعبان سے اغوا کیا تھا جن میں سے بعد میں 3 افراد کو چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ 7 افراد کو کالعدم تنظیم کی جانب سے قتل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
سکیورٹی فورسز اور بی ڈی ایس کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پرپہنچ گئیں، سکیورٹی فورسز کو اب تک 6 لاشیں ملی ہیں جبکہ مزید تحقیقات اور سرچ آپریشن جاری ہے۔پولیس نے کہا کہ لاشیں رورل ہیلتھ سنٹر شاہرگ منتقل کی گئیں جبکہ لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔