لاہور(صباح نیوز)تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان جماعت اسلامی کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں۔
لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ واحد پارلیمنٹیرین ہوں جو غلط کیس میں ڈالا گیا، میرے پروڈکشن آرڈر دو بار جاری ہوئے، ایک بار مرزا آفریدی اور ایک بار راجہ پرویز اشرف نے پروڈکشن آرڈر جاری کئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے اندر طاقتور حلقے ہیں، انہوں نے نہیں جانے دیا، یوسف رضا گیلانی کے رویے پر حیرت ہے کہ انہوں نے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے ، ان کے ہاؤس کا ایک ممبر جیل میں بے گناہ بند ہے اور ان کو فرق نہیں پڑتا۔
اعجاز چودھری نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کو نئے سرے سے کھڑا کیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنان جماعت اسلامی کے ساتھ شریک ہوں۔