کوئٹہ ، راولپنڈی(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور فورسز کے اہلکاروں پر پرتشدد ہجوم نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید جب کہ افسر سمیت 16 جوان زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملہ نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے میں سپاہی شبیر بلوچ نے جام شہادت نوش کیا جب کہ حملے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 16 فوجی زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، فورسز نے سویلینز کی ہلاکتوں سے بچنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا، ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پاک فوج نے بیان میں کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایاکہ سوشل میڈیا پرجعلی تصاویراور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے بدنیتی پرمبنی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پرغیرقانونی پرتشدد مارچ کیلئے ہمدردی اورحمایت حاصل کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا گیا۔