فیصل آباد (صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے کے دوران بہادری سے لڑنے والے شہید کیپٹن ڈاکٹر بلال خلیل کی فیصل آباد میں نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ فیصل آباد کی گرین ویو کالونی کے قبرستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، پاک فوج اور پولیس کے افسران، سیاسی رہنماؤں اورسماجی شخصیات اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کیپٹن کے جنت میں درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
نماز جنازہ میں شریک افراد نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جبکہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کے چاق وچوبنددستے نے شہید کیپٹن ڈاکٹر بلال خلیل کی میت کو سلامی بھی پیش کی۔