شہری کی درخواست،لاہورہائیکورٹ کا سی ای او لیسکو کو 3 دن میں بل درست کرنے کاحکم


لاہور(صباح نیوز)شہری کو محض 126 بجلی یونٹس پر ایک لاکھ 43 ہزار روپے بل کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو کو 3 دن میں بل درست کرنے کاحکم دے دیا۔ پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری اکبر مسیح کی رانا سکندر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست میں سی ای او لیسکو اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لیسکو حکام نے محض 126 یونٹس خرچ کرنے پر ایک لاکھ 43 ہزار کا بل بھیجا ہے۔ متعلقہ لیسکو دفتر سے رجوع کرنے کے باوجود بل ٹھیک نہیں کیا گیا۔علاقے میں بہت سے افراد بجلی چوری کرتے ہیں مگر بوجھ درخواست گزار جیسوں پر ڈال دیا جاتا ہے لہذا عدالت لیسکو حکام کو بجلی کا بل ٹھیک کرنے کا حکم دے۔عدالت نے شہری کو محض 126 بجلی یونٹس پر ایک لاکھ 43 ہزار روپے بل کے خلاف دائر درخواست پر چیف ایگزیکٹو لیسکو کو 3 دن میں بل درست کرنے کاحکم دیدیا۔