انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، مولانا فضل الرحمان کے بھائی کو نوٹس جاری


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان  میں 13فروری کو ہونے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی الیکشن کمشنر حیات اللہ جان نے  جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی پی ایم ایس افسر ضیا الرحمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل وضاحت طلب کر لی ۔

ضیا الرحمان ، جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کے چھوٹے بھائی ہیں۔ ضلعی الیکشن کمشنر/ضلعی مانیٹرنگ آفیسر ڈی آئی خان کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مجھے باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آپ کی تصاویر انتخابی مواد پر چھاپی گئی ہیں اور آپ نے تین فرور ی کو ذاتی طور پر جے یو آئی (ف)کے امیدوار محمد کفیل نظامی کے اقبال میرج ہال ، ظفر کالونی ، تحصیل وضلع ڈیراہ اسماعیل خان میں جلسے میں شرکت کی اور باقاعدہ خطاب بھی کیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسر ہونے کے ناطے اس قسم کی سیاسی سرگرمی آپ کی شرکت کو ڈ آف کنڈکٹ کے پیرا25کی خلاف ورزی ہے جبکہ ایسا کرنا تین فروری 2022کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ ضلعی الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاف کیخلاف ورزی پر ضیا الرحمان کو خود یا وکیل کے  ذریعے کل دن 11بجے طلب کیا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وضاحت طلب کی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اگر نوٹس کا جواب نہ دیا گیا تو پھر یہ معاملہ مناسب کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیا جائیگا۔ واضح رہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی بھی صورت میں سرکاری ملازم کی تصویر کوئی جماعت، امیدوار، الیکشن ایجنٹ اور ان کے حمایتی پبلسٹی مواد پر شائع نہیں کرسکتے جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لئے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد صدر مملکت، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ، گورنر، سپیکر اورڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، وفاقی اور صوبائی وزرا، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے مشیران اور کوئی بھی دیگر پبلک آفس ہولڈر لوکل کونسل کے کسی علاقہ کا دورہ کرکے ترقیاتی سکیم کا اعلان نہیں کرسکتے اور نہ ہی کسی امیدوار یا جماعت کی انتخابی مہم چلاسکتے ہیں۔ اگر کوئی کسی ضلع کا رہائشی ہے جس میں الیکشن ہورہے ہیں تو وہ ضلع کا دورہ کرسکتا ہے لیکن کسی قسم کی انتخابی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتا۔