فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ،عالمی برادری ذمہ داریاں پوری کرے ، شہبازشریف

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے علاقے خان یونس میں جاری اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خان یونس میں اسرائیل کی جارحیت کے باعث ڈیڑھ لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ، خان یونس کے محاصرے سے علاقے میں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلبہ کے لئے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے، خصوصی انتظام کی ہدایت اس لئے کی تاکہ فلسطینی طلبہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی انصاف میں اپنے بیان میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور مظالم پر بھرپور آواز اٹھائی، عالمی عدالتی انصاف کے فلسطین سے متعلق فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔انہوںنے کہا کہ اب تک پاکستان سے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 1500 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے ، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں ۔