چیئرمین گلشن ٹاؤن نے طویل المیعاد شجرکاری  پروگرام کا آغاز کر دیا


کراچی (صباح نیوز) چیئرمین گلشن ٹاؤن نے طویل المیعاد شجرکاری  پروگرام کا آغاز کر د یا ۔چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے وائس چیئرمین،ابراہیم صدیقی اور میونسپل کمشنر جاوید کلوڑ کے ہمراہ ناریل پارک یوسی 3 سے گلشن ٹاؤن میں طویل المیعاد بنیادوں پر شجرکاری پروگرام کا آغاز کردیا ،یہ پروگرام 25 ستمبر تک جاری رہے گا، شجرکاری پروگرام  میں معروف کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر فواد فاروق، چیئرمین پارکس کمیٹی آصف کریم ،یوسی 3 کے چیئرمین عبد الماجد سمیت محلے کی خواتین و بزرگوں سمیت تمام شعبہ جات کے لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

ڈاکٹر فواد نے کہا کہ یہ شجرکاری مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیگی ، زیتون ، نیم ، چیکو اور دیگر درخت لگائے جائیں گے ۔ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ شجرکاری کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کیلئے ہم نے نباتیات ودیگر ماہرین کو آن بورڈ لے کر اس کا آغاز کیا ہے، میری تمام لوگوں سے التماس ہے کہ اس شجرکاری پروگرام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کیلئے اپنا تعاون پیش کریں اور کم از کم اپنے حصے کا ایک پودا لازمی لگائیں ۔انہوں نے کہا کہ گلشن  ٹاؤن میں ہم نے آتے ہی پارکس کی بحالی و شجرکاری پر خصوصی توجہ دی اوہم اللہ کے فضل  سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ گلشن اقبال کے مکینوں کیلئے ان کے محلے میں جو پارکس پہلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتے تھے اب وہاں پر علاقہ مکین ان پارکس سے محظوظ ہو رہے ہیں  مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہورہی ہے کہ شجرکاری کا احساس اور اس کی قدر وقیمت بچہ بچہ سمجھ گیا اور جلد ہی ہم اجتماعی کوششوں کے سبب کراچی کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں بھی کامیاب ہوجائیں گے ۔ پروگرام کے مہمان ڈاکٹر فواد فاروق نے اس موقع پر کہا کہ اس شجرکاری پروگرام میں عوام کا ساتھ لازمی ہے ، حکومتی سطح پر جو بھی پروگرام ہیں انہیں عوام بھی اون کریں تاکہ یہ سلسلہ جاری رہ سکے، وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے میں سب سے زیادہ کردار ترقی یافتہ ممالک کا ہے جبکہ ترقی پذیر ممالک میں اسکا اثر سب سے زیادہ ہوا ہے اور اگر ہم نے جنگی بنیادوں پر اقدامات نہیں کئے تو ہماری نسل کی بقا مشکل ہوتی جائے گی ، اس موقع پر بچوں نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا جبکہ بعد از اں چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے پارک سے متصل لائبریری اور نوجوانوں کیلئے انکیوبیٹر کا بھی جائزہ لیا، اس موقع پر  ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس راشد فیاض، ڈائریکٹر لائبریری طلعت حسین ، ڈائریکٹر تعلیم عظیم حیدر و دیگر افسران کے علاوہ علاقہ معززین بڑی تعداد میں موجود تھے۔