پر امن احتجاج اور دھرنا آئینی وجمہوری حق ہے کارکنوں ورہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ملک میں بڑھتی مہنگائی، آئی ایم ایف اور وفاقی حکومت کے ظالمانہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز،پیٹرول،گیس وبجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے اور ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کو روکنے کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے سینکڑوں کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاریوں ،گھروں پر چھاپوں اور پولیس تشد د کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پر امن احتجاج اور دھرنا ہمارا آئینی ، جمہوری اور سیاسی حق ہے ،پر امن دھرنے کو سبوتاژ کرنے اور امن و امان خراب کرنے کی کوشش نا کی جائے ، تمام گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ،

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ،تمام تر روکاوٹوں اور پولیس تشدد کے باوجود ہزاروں کارکنان کا اسلام آباد میں جمع ہونا قابل تحسین اور اس امر کا ثبو ت ہے کہ جماعت اسلامی کی حق دو عوام کی تحریک جاری رہے گی اور دھرنا بھی جاری رہے گا ۔منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسزاور ظالمانہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے ، آئی پی پیز سے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں ۔بجلی ، گیس ، پیٹرول اور اشیائے خوردنوش کی قیمتیں کم کی جائیں ، ظالمانہ بجٹ تنخواہ دار طبقے پر عائد ٹیکس واپس لیے جائیں ۔